*ٹرین کا سفر*

✍🏻*خامہ بکف محمد عادل ارریاوی*
_________________________________
 محترم قارئین سفر انسان کی زندگی کا ایک اہم حصہ ہے جو نہ صرف ذہنی سکون کا باعث بنتا ہے بلکہ انسان کو اللہ ربّ العزت کی بےشمار قدرت کے حسین نظاروں پر غور کرنے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ میں آج ایک نہایت بابرکت اور قیمتی سفر پر ہوں جو بزرگان دین کے علمی مقام کی جانب جاری ہے صبح چھ بجے ٹرین میں سوار ہوا اور تب سے یہ سفر مسلسل جاری ہے کھڑکی کے پاس بیٹھ کر قدرت کے حسین نظاروں کا مشاہدہ کرنا ایک دل کش تجربہ بن چکا ہے سرسبز کھیت لہلہاتے کھلیان خوبصورت باغات بہتے جھرنے بلند و بالا پہاڑ رنگ برنگے پھول اور مختلف اقسام کے جانور یہ سب مناظر دل کو ایک عجیب سکون عطا کرتے ہیں اور وہ منظر واقعی کچھ اور ہی ہوتا ہے جب ٹرین سفر کے دوران اچانک کسی پہاڑ کے اندر سے گزرتی ہے جیسے پورا دن ایک لمحے میں رات میں بدل جائے اس لمحے کا لطف بے مثال ہوتا ہے قدرت کی ان نعمتوں کو دیکھ کر دل بے اختیار شکر کے جذبات سے بھر جاتا ہے کہ اللہ ربّ العزت نے ایک ہی زمین پر کتنی رنگا رنگی اور خوبصورتی سجا رکھی ہے انسان کا دل چاہتا ہے کہ بس دیکھتا ہی رہے اور ان نظاروں میں کھو جائے واقعی ٹرین کا سفر ایک ایسا تجربہ ہے جو ہوائی جہاز میں ممکن نہیں کیونکہ وہاں صرف بادلوں کا ایک سا منظر نظر آتا ہے جبکہ ٹرین میں زمین کی خوبصورتی اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ سامنے آتی ہے اگر کوئی شخص قدرت کے کرشموں کو قریب سے دیکھنا چاہتا ہے اور سفر کا حقیقی لطف اٹھانا چاہتا ہے تو اسے چاہیے کہ کم از کم ایک بار ٹرین کا سفر ضرور کرے جو لوگ صرف ہوائی جہاز کے سفر کے عادی ہیں وہ اس سادہ مگر دلکش تجربے کی گہرائی کو شاید محسوس نہ کر سکیں۔ خاص طور پر جب سفر ٹرین کے ذریعے کیا جائے تو اس کا لطف دوبالا ہو جاتا ہے آہستہ آہستہ گزرتے ہوئے مناظر اسٹیشنوں کی رونق اور لوگوں کی چہل پہل ایک الگ ہی دنیا کا احساس دلاتی ہے یہ سفر انسان کو اپنی طرف کھینچتا ہے اور دل چاہتا ہے کہ یہ لمحات کبھی ختم نہ ہوں۔
اس سفر کے دوران دل سے بےشمار دعائیں نکلتی ہیں اور یہی خواہش ہوتی ہے کہ یہ خوبصورت منظر کبھی ختم نہ ہو ان شاء اللہ کل صبح ہم اپنی منزلِ مقصود تک پہنچ جائیں گے آخر میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ سفر انسان کے لیے ایک نعمت ہے جو اسے نہ صرف دنیا کی خوبصورتی دکھاتا ہے بلکہ اس کے دل میں شکر محبت اور سکون کے جذبات بھی پیدا کرتا ہے دعا ہے کہ اللہ ربّ العزت ہمیں ہمیشہ اچھے اور بابرکت سفر نصیب فرمائے اور اپنی قدرت کی نشانیوں کو سمجھنے کی توفیق عطا کرے۔ اللہ ربّ العزت اس دنیا کو ہمیشہ اسی طرح حسین روشن اور دلکش بنائے رکھے
آمین یا ربّ العالمین۔