🖋️بنت ابوالخیر اعظمیؔ

رمضان المبارک کی بابرکت راتوں میں ایک ایسی عظیم اور مقدس رات بھی آتی ہے جسے اللہ تعالیٰ نے بے مثال فضیلت عطا فرمائی ہے، اور وہ ہے لیلۃ القدر۔ یہ وہ رات ہے جس کے بارے میں قرآنِ کریم میں ارشاد ہے کہ یہ ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔ اس رات کی عظمت و رفعت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس میں کی جانے والی عبادت، تلاوت، ذکر اور دعا کا اجر عام دنوں کے مقابلے میں بے حد بڑھا دیا جاتا ہے۔

لیلۃ القدر دراصل اللہ تعالیٰ کی خاص رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کے نزول کی رات ہے۔ اس رات آسمانوں سے فرشتے زمین پر اترتے ہیں اور رحمتِ الٰہی بندوں کو اپنے دامن میں لے لیتی ہے۔ فضا میں ایک عجیب سکون اور نورانیت چھا جاتی ہے، گویا پوری کائنات اپنے رب کی حمد و ثنا میں مشغول ہو جاتی ہے۔

یہ رات بندۂ مومن کے لیے اپنے رب سے لو لگانے، اپنے گناہوں پر ندامت کے آنسو بہانے اور اخلاص کے ساتھ دعائیں مانگنے کا سنہری موقع ہے۔ انسان اپنی کمزوریوں، کوتاہیوں اور لغزشوں کا اعتراف کرتے ہوئے جب اللہ تعالیٰ کے حضور ہاتھ اٹھاتا ہے تو رحمتِ الٰہی اس کے قریب ہو جاتی ہے۔ یہی وہ لمحے ہوتے ہیں جب بندے کی آہ و زاری، اس کی سچی توبہ اور خلوصِ دل سے مانگی گئی دعائیں قبولیت کے دروازوں تک پہنچ جاتی ہیں۔

احادیثِ مبارکہ میں بھی اس رات کی اہمیت کو بہت واضح انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص ایمان اور ثواب کی نیت سے لیلۃ القدر میں قیام کرتا ہے، اللہ تعالیٰ اس کے پچھلے گناہ معاف فرما دیتے ہیں۔ اسی لیے اہلِ ایمان اس رات کی تلاش میں رمضان کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں عبادت، ذکر اور دعا کا خاص اہتمام کرتے ہیں۔

لیلۃ القدر ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ بندہ کبھی بھی اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہو۔ اگر دل میں اخلاص ہو، آنکھوں میں ندامت کے آنسو ہوں اور زبان پر سچی دعا ہو تو اللہ تعالیٰ اپنے بندے کو خالی ہاتھ نہیں لوٹاتا۔ یہی وجہ ہے کہ اس رات میں کثرت سے یہ دعا پڑھنے کی ترغیب دی گئی ہے:
“اَللّٰهُمَّ إِنَّكَ عَفُوٌّ تُحِبُّ الْعَفْوَ فَاعْفُ عَنِّي”
یعنی: اے اللہ! بے شک تو معاف کرنے والا ہے اور معاف کرنے کو پسند کرتا ہے، پس مجھے بھی معاف فرما دے۔

پس ہمیں چاہیے کہ اس عظیم رات کی قدر کریں، اپنے دلوں کو گناہوں سے پاک کریں، عبادت میں مشغول رہیں اور اپنے رب کے حضور عاجزی و انکساری کے ساتھ دعا کریں۔ کیونکہ لیلۃ القدر واقعی قبولیتِ دعا کا سنہری موقع ہے
ایسا موقع جو اگر نصیب ہو جائے تو انسان کی تقدیر بدل سکتی ہے اور اس کی زندگی رحمت و مغفرت کی روشنی سے منور ہو سکتی ہے۔ 

اللہ تعالیٰ ہم گنہگاروں کو بھی یہ رات نصیب فرماۓ اور ہماری دعائیں قبول فرمائے 
آمین یارب 🤲🏻