وہ کہہ دیتی ہے:
"میں ٹھیک ہوں"
مگر کون سمجھے کہ اس "ٹھیک" کے اندر کتنی تھکن چھپی ہوتی ہے؟ کتنی خاموش دعائیں، کتنی دبائی ہوئی آہیں اور کتنی ان کہی خواہشیں؟
رات کا آخری پہر…
گھر بھر میں نیند کا سکوت ہوتا ہے، مگر وہ جاگ رہی ہوتی ہے۔ آنکھیں بوجھل، جسم تھکا ہوا، مگر ذمہ داری اسے اٹھا دیتی ہے۔ باورچی خانے کی مدھم روشنی میں وہ سحری تیار کرتی ہے۔ روٹیاں بنتی ہیں، سالن گرم ہوتا ہے، چائے کی بھاپ اٹھتی ہے۔ سب کو جگاتی ہے، پیار سے آواز دیتی ہے۔ سب کھا لیتے ہیں، مطمئن ہو جاتے ہیں۔ اور وہ؟
وہ آخر میں بچا ہوا سمیٹ کر اپنے روزے کی نیت کر لیتی ہے۔
فجر کی نماز ادا کرنے کے بعد تلاوت اور ذکر و اذکار کرتے کرتے اشراق کا وقت ہو جاتا ہے پھر اشراق پڑھنے کے بعد اگر آنکھ لگ بھی جائے تو زیادہ دیر نہیں۔ بچوں کی آوازیں، اسکول کی تیاری، شوہر کا دفتر، یونیفارم، جوتے، بستے، ناشتہ…وغیرہ
وہ ایک لمحے کو بھی خود کے لیے نہیں جیتی۔
دن بھر وہ گھر کو سنبھالتی ہے، صفائی، برتن، کپڑے، ترتیب۔۔۔ ہر شے میں اس کی محنت بولتی ہے۔ پھر شام ڈھلتی ہے اور افطار کی تیاری شروع ہو جاتی ہے۔ فروٹ، پکوڑے، شربت، چاٹ… سب کے ذوق کا خیال، سب کی پسند کا لحاظ۔ اذان ہوتی ہے، سب دسترخوان پر بیٹھتے ہیں۔ وہ نظریں گھما گھما کر دیکھتی ہے کہ کسی کو کسی چیز کی کمی نہ رہ جائے۔
اور اگر کبھی کچھ رہ جائے؟
"نمک زیادہ تھا۔"
"پکوڑے کرارے نہیں تھے۔"
"آج وہ چیز کیوں نہیں بنی؟"
وہ خاموش رہتی ہے۔ کیونکہ اسے عادت ہے۔
شاید اس لیے کہ اس کی محبت شور نہیں مچاتی۔
کبھی کسی نے سوچا کہ اس کے بھی خواب ہیں؟ اس کی بھی خواہش ہے کہ کوئی اس سے پوچھے:
"تم تھک تو نہیں گئی؟"
"آج بیٹھ جاؤ، ہم کر لیتے ہیں۔"
اسلام نے عورت کو عزت دی، مقام دیا۔
حضرت محمد ﷺ نے فرمایا کہ تم میں بہترین وہ ہے جو اپنے گھر والوں کے لیے بہترین ہو۔
مگر ہم میں سے کتنے لوگ اس تعلیم پر عمل کرتے ہیں؟
ماں ہو، بیوی ہو یا بہن ۔۔۔ وہ مشین نہیں، انسان ہے۔ اسے حکم نہیں، احترام چاہیے۔ اسے تنقید نہیں، تعریف چاہیے۔ اسے بوجھ نہیں، سہارا چاہیے۔
اگر یقین نہ آئے تو ایک دن اس کی جگہ لے کر دیکھ لیجیے۔ تب معلوم ہوگا کہ گھر سنبھالنا کتنا آسان یا کتنا مشکل ہے۔
آج اگر آپ کی ماں، بیوی یا بہن تھکی ہوئی لگے
تو صرف اتنا کر لیجیے۔
اس کے ہاتھ تھام لیجیے۔
اس کے ماتھے پر ہاتھ رکھ کر کہیے:
"آپ کی وجہ سے ہمارا گھر گھر ہے۔"
کیونکہ عورت صرف ذمہ داری نہیں،
وہ دل ہے۔
اور جب دل ٹوٹ جائے
تو گھر صرف مکان رہ جاتا ہے۔
آئیے! آج سے عہد کریں....
ہم اپنی عورتوں کی قدر کریں گے۔
ان کے لیے محبت کے چند الفاظ کہیں گے۔
کیونکہ وہ بھی دل رکھتی ہیں۔
اور وہ بھی عزت اور سکون کی حق دار ہیں۔
🪶از:ح عائش✰