کیا ہم نے کبھی غور کیا کہ ہم روزہ تو رکھتے ہیں مگر کیسے؟
 کیا صرف بھوکے پیاسے رہنے کا نام ہی روزہ ہے؟
کیا صرف سحر و افطار کے دسترخوان سجانے کا نام ہی روزہ ہے؟
کیا آپ نے روزے کی اہمیت اور اس کے مقاصد پر غور کیا روزے کا مقصد صرف آپ کو بھوکا پیاسا رکھنا نہیں ہے بلکہ روزے کے مقصد کو بیان کرتے ہوۓ قرآن میں اللہ رب العزت کا فرمان ہے: 
يا أيها الذين آمنوا كتب عليكم الصيام كما كتب على الذين من قبلكم لعلکم تتقون
 `(اے ایمان والوں! تم پر روزے فرض کیۓ گۓ ہیں جیسا کہ تم سے پہلے لوگوں پر فرض کیے گیے تھے شاید کہ تم پرہیز گار ہو جاؤ/شاید کہ تم تقوی اختیار کرو)`
یہ ہے روزے کا مقصد اور ہم کیا کرتے ہیں ہمارا روزہ کیسا ہوتا ہے؟
ہم روزہ بھی رکھتے ہیں لڑائ بھی کرتے ہیں، ہم روزہ بھی رکھتے ہیں غیبت بھی کرتے ہیں، ہم روزہ بھی رکھتے ہیں جھوٹ بھی بولتے ہیں، ہم روزہ بھی رکھتے ہیں گالی بھی دیتے ہیں، ہم روزہ بھی رکھتے ہیں اور خلوت و جلوت میں گناہوں سے بھی نہیں بچتے، ہم روزہ بھی رکھتے ہیں اور دل حسد، بغض، کینہ سے پاک نہیں.!
غرض کہ ہم کسی بھی غلط کام سے نہیں رکتے بس روزہ رکھتے ہیں اور ہمیں لگتا ہے بس ہو گیا ہمارا روزہ، یہی ہے روزہ کہ بس دن بھر بھوکے پیاسے رہ لیا اور چاہے جو مرضی کرتے رہیں رمضان کا روزہ رکھ کر تقوی کے اتنے قریب ہو کر بھی ہم اس سے دور رہتے ہیں روزے کی لذت سے محروم ہوتے ہیں بغیر سوچے سمجھے زبان سے کسی بھی طرح کے الفاظ نکالتے رہیں، صبح شام گالیاں دیتے رہیں، گانے سنتے رہیں، فحش فلمیں فحش مناطر دیکھتے رہیں، آنکھوں کی خیانت کرتے رہیں، کوئ فرق نہیں پڑتا کہ ہم کس مہینے میں ہیں کس قدر قیمتی ساعتوں کو برباد کر رہے ہیں، نہ دل میں اللہ کی محبت ہے اور نہ خشیت الہی، جب روزے کا مقصد ہی فاسد ہو جاۓ پھر روزہ کیسا؟ 
روزہ رکھیں اور گناہوں سے بھی نہ بچیں یہ کیسا ہمارا روزہ ہے؟؟
رمضان عظمت والا مہینہ ہے یہ رمضان کی تعظیم نہیں ہے، اور نا ہی یہ رمضان کی تعلیمات ہیں ہم اطاعت و عبادت کے شوق سے بالکل خالی ہیں، اللہ تعالی ہر حال سے واقف ہے اور روزہ یہ تعلیم دیتا ہے کہ روزہ صرف 30 دنوں کی گنتی پوری کر لینے کا نام نہیں ہے۔
بلکہ روزہ تو نفس کی اصلاح کا مہینہ ہے، یہ مہینہ تقوے کا مہینہ ہے، یہ مہینہ ہمدردی و غمگساری کا مہینہ ہے، یہ مہینہ عبادت کا مہینہ ہے، یہ مہینہ غریبوں کی مدد کا مہینہ ہے، یہ مہینہ دوسروں کے درد کو محسوس کرنے کا مہینہ ہے، یہ مہینہ نیکیاں کمانے کا مہینہ ہے، یہ مہینہ اپنی مغفرت کروانے کا مہینہ ہے، آپ کا اور ہمارا رمضان جیسا ہوگا آئندہ آنے والا سال بھی اسی جیسا ہوگا رمضان گناہوں میں گزارا تو آنے والا سال بھی گناہوں میں گزرے گا اور رمضان نیکیوں میں گزارا تو آئندہ سال بھی نیکیوں میں گزرے گا (ان شاء اللہ العزیز)
آئیے ہم اپنے رمضان کو بہتر سے بہتر بنائیں، ہم اپنے رمضان کو ویسا گزاریں جیسا گزارنا چاہیۓ_
اللہ ہمیں زیادہ سے زیادہ نیکیاں کرنے کی توفیق دے اور ہماری ٹوٹی پھوٹی عبادات کو قبول و منظور فرماے_
آمین یا رب العالمین

✍️بنت شہاب💫