حرف کھلونے فوزیہ اختر رِدا کے تخلیقی شعور کی رنگین جھلک
تبصرہ نگار ✍🏻محمد عادل ارریاوی
-----------------------------------------------------
قارئین کرام بچوں کا ادب محض تفریح یا مشغلہ نہیں بلکہ ایک عمیق فکری و تربیتی ذمہ داری ہے یہ وہ میدان ہے جہاں لفظوں کو معصومیت کا لباس پہنا کر دلوں کی زمین میں محبت اخلاق اور علم کے بیج بوئے جاتے ہیں اس تناظر میں محترمہ فوزیہ اختر رِدا کی تصنیف حرف کھلونے بچوں کے ادب میں ایک نہایت خوبصورت اضافہ ہے
یہ مجموعہ نظموں پر مشتمل ہے لیکن ان نظموں میں زندگی رواں ہے رنگوں کی چھاؤں ہے اور لفظوں میں وہ چمک ہے جو بچوں کے تخیل کو جگمگا دیتی ہے شاعرہ نے بچوں کی نفسیات اور ان کی دلچسپیوں کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے سادہ مترنم اور دلنشین زبان استعمال کی ہے ہر نظم میں ایک نیا رنگ ایک نیا خیال اور ایک نیا سبق پوشیدہ ہے جو قاری کے دل پر خوشبو کی طرح اترتا ہے فوزیہ اختر رِدا کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ سبق آموزی کو نصیحت نہیں بناتیں بلکہ کہانی اور خیال کے پیرہن میں لپیٹ کر پیش کرتی ہیں یہی وجہ ہے کہ ان کی نظموں میں تعلیم و تربیت کا عنصر قدرتی لگتا ہے مصنوعی نہیں بچے ان نظموں کو پڑھ کر محظوظ بھی ہوتے ہیں اور ان کے دلوں میں سچائی نرمی دوستی اور محبت کے جذبے بھی پروان چڑھتے ہیں۔
اس مجموعے کا عنوان حرف کھلونے بھی اپنی جگہ نہایت پُر معنی ہے شاعرہ نے واقعی حروف کو کھلونوں کی طرح برتا ہے کبھی وہ تتلیوں کی مانند اڑتے ہیں کبھی ندی کے پانی میں لہراتے ہیں اور کبھی بادلوں کی طرح برس کر دلوں کو تر و تازہ کر دیتے ہیں زبان کی روانی قافیہ و ردھم کی خوش آہنگی اور خیالات کی تازگی نے ان نظموں کو ایک دلکش نغمگی عطا کی ہے اس کتاب کی مطالعہ سے نہ صرف بچوں کے ذوقِ مطالعہ کی آبیاری ہوگی بلکہ اساتذہ اور والدین کو بھی بچوں کی تربیت کے لیے ایک خوبصورت ادبی وسیلہ فراہم ہوگا۔
آخر میں یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ حرف کھلونے بچوں کے ادب کی دنیا میں تازگی کی ایک نرم ہوا ہے جو آنے والی نسلوں کے احساس و تخیل کو مہکا دینے کی صلاحیت رکھتی ہے
اے ربِ کریم فوزیہ اختر رِدا کے لفظوں میں برکت عطا فرما ان کی تخلیقی روشنی کو دن بدن بڑھا
ان کے قلم کو نیکی محبت اور علم کا پیغام بنائے رکھ ان کے جذبوں کو تروتازہ ان کے خوابوں کو روشن
اور ان کے دل کو ایمان و اخلاص سے معمور رکھ اے پروردگار ان کے ہر لکھے ہوئے لفظ کو بچوں کے دلوں میں مسکراہٹ سچائی اور روشنی کی کرن بنا دے آمین یارب العالمین ۔