رمضان رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کا مہینہ ہے۔ جس میں دلوں کو نرم کیا جاتا ہے، گناہوں کی معافی مانگی جاتی ہے اور بندہ اپنے رب کے قریب ہونے کی کوشش کرتا ہے۔ سب سے بڑھ کر یہ قرآنِ مجید کا مہینہ ہے، کیونکہ اسی بابرکت مہینے میں قرآن نازل ہوا۔
 اس لیے رمضان کا اصل پیغام قرآن سےتعلق  مضبوط کرنا ہے۔
آج کے دور میں موبائل فون ہماری زندگی کا لازمی حصہ بن چکا ہے، لیکن رمضان میں اس کا غیر ضروری استعمال ہماری عبادتوں میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔ سوشل میڈیا، فضول ویڈیوز، بے مقصد اسکرولنگ اور واٹس ایپ میسجز ہمارا قیمتی وقت ضائع کر دیتے ہیں۔ خاص طور پر مختلف واٹس ایپ چینلز اور گروپس کی مسلسل اپڈیٹس انسان کو عبادت سے غافل کر دیتی ہیں۔اس لیے بہتر ہے کہ اس مبارک مہینے میں تمام غیر ضروری واٹس ایپ چینلز کو اَن فالو( Unfollow) کر دیا جائے اور غیر ضروری گروپس کو خاموش (میوٹ/Mute) کر دیا جائے۔ اپنے موبائل کو صرف ضرورت اور نیکی کے کاموں تک محدود رکھیں۔ یاد رکھیں، یہ مہینہ عبادت کے لیے ہے، نہ کہ مسلسل نوٹیفکیشن (Notification)دیکھنے کے لیے۔

ہمیں سوچنا چاہیے کہ یہ مہینہ سال میں صرف ایک بار آتا ہے، زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں، شاید یہ ہمارا آخری رمضان ہو۔ اس لیے اس عظیم مہینے کو ضائع نہ کریں۔ اس ماہ میں صرف اور صرف عبادت کیجیے، قرآنِ پاک کی تلاوت کیجیے، نماز اور دعا میں مشغول رہیے۔
آئیں عہد کریں کہ اس رمضان کو بہترین انداز میں گزاریں گے، موبائل سے فاصلہ اختیار کریں گے اور اپنے دل کو قرآن کی روشنی سے منور کریں گے۔ یہی کامیابی ہے اور یہی اس عظمت والے مہینے کا حق ہے۔
🪶از:ح عائش✰