`✧ بلند حوصلہ اور روشن مستقبل ✧`
زندگی میں کامیابی آسانی سے حاصل نہیں ہوتی۔ ہر منزل تک پہنچنے کے لیے محنت، حوصلہ اور ثابت قدمی درکار ہوتی ہے۔ جو انسان مشکلات سے گھبرا کر ہمت ہار دیتا ہے وہ راستے ہی میں رک جاتا ہے، لیکن جو ڈٹ کر مقابلہ کرتا ہے وہی کامیابی کی منزل تک رسائی کرتا ہے۔ ( سرفراز ہوتا ہے، ہمکنار ہوتا ہے۔)
بلند حوصلہ رکھنے والا شخص ناکامی سے خوف زدہ نہیں ہوتا۔ وہ کٹھن حالات میں بھی علوِّ ہمت کی بدولت ثابت قدم رہتا ہے اور بالآخر کامیابی حاصل کر لیتا ہے۔ اپنی بلند ہمتی کے باعث وہ اپنے مستقبل کو صبحِ اُمید میں بدل لیتا ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے چراغِ راہ اور نورِ ہدایت ثابت ہوتا ہے۔
تاہم صرف حوصلہ کافی نہیں، بلکہ عمل میں استقامت بھی ضروری ہے۔ استقامتِ عمل کے بغیر علوِّ ہمت ماند پڑ سکتی ہے۔ اسی لیے علوِّ ہمت کے ساتھ استقامتِ عمل ناگزیر ہے، کیونکہ یہی صفت انسان کو مسلسل جدوجہد پر آمادہ رکھتی ہے اور اسے ناکامیوں کے باوجود ڈٹے رہنے کا حوصلہ عطا کرتی ہے۔
اسی طرح کامیابی کے لیے فہمِ عمیق بھی ضروری ہے۔ فہمِ عمیق وہ صفت ہے جس کی بدولت انسان صحیح اور غلط میں بآسانی تمیز کر سکتا ہے۔ یہی گہری سمجھ اسے رہگزرِ حیات میں درست فیصلے کرنے کی صلاحیت عطا کرتی ہے اور بھٹکنے سے محفوظ رکھتی ہے۔
جب انسان کے اندر یہ تمام صفات جمع ہو جاتی ہیں تو اس کے مقصد سے قندیلِ وفا روشن ہو اٹھتی ہے اور وہ اپنے عہد پر قائم رہتا ہے۔ اس کے کردار کی سچائی ایسی ہوتی ہے کہ لوگ اس کی نوائے دل کو محسوس کرتے ہیں اور اس کی باتوں میں خلوص کی جھلک پا لیتے ہیں۔
بالآخر جس انسان میں علوِّ ہمت اور استقامتِ عمل موجود ہوں، اس کے کردار میں متانتِ طبع اور صلاحیتِ اظہار نمایاں ہو جاتی ہیں۔ اس کی سنجیدگی اور باوقار اندازِ گفتگو اسے دوسروں سے ممتاز کر دیتا ہے۔ یوں اس کا مستقبل منور ہو جاتا ہے اور وہ معاشرے میں عزت و وقار حاصل کر لیتا ہے۔ ایسا شخص عملی نمونہ بن کر رہگزرِ حیات سے گزرتا ہے اور اپنے پیچھے روشن مثال چھوڑ جاتا ہے۔

✍🏻 فارغہ: مدرسہ اسلامیہ رحیمیہ للبنات بھیرہ