انسان کی حقیقی عظمت اس کے ظاہر کی چمک دمک میں نہیں بلکہ اس کے باطن کی تابانی میں مضمر ہوتی ہے۔ ظاہری حسن و جمال تو وقت کی گرد سے ماند پڑ جاتا ہے، مگر باطنی حسن اور پاکیزہ کردار کی درخشانی ہمیشہ قائم و دائم رہتی ہے۔ دراصل وہی شخص کامیابی کی معراج تک رسائی پاتا ہے جس کے دل میں نورِ ہدایت جلوہ گر ہو اور جس کا کردار صداقت و دیانت سے آراستہ ہو۔ جب قلب میں اخلاص کی شمع فروزاں ہو جائے تو اعمال میں خود بخود لطافت اور زندگی میں وقار پیدا ہو جاتا ہے، اور ایسا انسان خلقِ خدا کے لیے سراپا رحمت بن جاتا ہے۔
عہدِ حاضر میں انسان نے کامیابی کا معیار بدل ڈالا ہے۔ ظاہری نمود و نمائش، مال و متاع کی فراوانی اور شہرت کی چکاچوند کو ہی مقصدِ حیات سمجھ لیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا کی مصنوعی چمک نے حقیقت پر پردہ ڈال دیا ہے۔ پسندیدگیوں اور تبصروں کی کثرت کو کامیابی کا پیمانہ قرار دے دیا گیا ہے، حالانکہ یہ سب فانی اور عارضی مظاہر ہیں۔ اصل کامیابی دل کی تطہیر اور کردار کی بلندی میں مضمر ہے، نہ کہ وقتی شہرت کی دل فریب چکاچوند میں۔
قرآن و حدیث میں قلب کی اصلاح کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ اللہ تعالیٰ انسان کے ظاہر سے زیادہ اس کے باطن کو دیکھتا ہے، کیونکہ دل ہی ایمان، اخلاص اور تقویٰ کا مرکز ہے۔ جس نے اپنے نفس کا تزکیہ کر لیا وہ فلاح پا گیا اور جس نے اسے خواہشات کی آلودگی میں مبتلا رکھا وہ نامراد ٹھہرا۔ اس حقیقت سے آشکار ہوتا ہے کہ باطن کی پاکیزگی ہی اصل کامیابی کی شاہ کلید ہے۔
احادیثِ مبارکہ میں بھی دل کو انسانی وجود کا محور قرار دیا گیا ہے۔ اگر دل صالح ہو تو اعمال سنور جاتے ہیں اور اگر وہ فساد کا شکار ہو جائے تو پوری زندگی بے سمت ہو جاتی ہے۔ گویا انسان کی ساری شخصیت کا انحصار قلب کی کیفیت پر ہے۔
بصیرتِ قلب ایک عظیم الشان نعمت ہے جو اللہ تعالیٰ اپنے خاص بندوں کو عطا فرماتا ہے۔ یہی بصیرت انسان کو حق و باطل میں امتیاز کرنے کی قوت بخشتی ہے اور اسے گمراہی کے مہیب اندھیروں سے محفوظ رکھتی ہے۔ موجودہ فتنہ خیز ماحول میں اس نعمت کی ضرورت دوچند ہو گئی ہے، کیونکہ ظاہری دل فریبی اکثر حقیقت کو دھندلا دیتی ہے۔
اسی طرح صفائے باطن انسان کی روحانی دولت ہے۔ جب بندہ اطاعتِ الٰہی کو شعار بناتا اور معاصی سے اجتناب اختیار کرتا ہے تو اس کا دل آئینے کی مانند شفاف ہو جاتا ہے۔ یہی شفافیت کردار میں استقامت، گفتار میں سچائی اور معاملات میں دیانت پیدا کرتی ہے۔ ایسا فرد معاشرے میں اعتماد اور احترام کا استعارہ بن جاتا ہے۔
تاریخِ اسلام میں بے شمار روشن مثالیں موجود ہیں۔ ایک عادل حکمران، ایک دیانت دار تاجر اور ایک بااخلاق طالب علم— سب کے امتیاز کی بنیاد ان کا پاکیزہ کردار ہے۔ معاملات اور آزمائش کے مواقع ہی انسان کی اصل حقیقت کو منکشف کرتے ہیں۔
اگر افراد کے قلوب نورِ اخلاص سے منور ہوں تو معاشرہ امن و محبت کا گلستان بن جاتا ہے۔ وہاں بدگمانی کی جگہ اعتماد، نفرت کی جگہ الفت اور فریب کی جگہ صداقت پروان چڑھتی ہے۔ یہی وہ فضا ہے جس میں نسلیں صالح اقدار کے ساتھ نشوونما پاتی ہیں۔
حاصلِ کلام یہ ہے کہ دل کی روشنی اور کردار کی پاکیزگی انسان کو دنیا میں عزت اور آخرت میں نجات عطا کرتی ہیں۔ یہی اوصاف اسے بزمِ حیات میں باوقار مقام اور بلندیٔ کردار کی رفعتوں تک پہنچاتے ہیں۔
لہٰذا ضروری ہے کہ ہم اپنے قلوب کو حسد و بغض کی کدورتوں سے پاک کریں، کردار کو صداقت و دیانت سے مزین کریں اور اللہ تعالیٰ سے صفائے باطن اور بصیرتِ قلب کی دعا کرتے رہیں۔ یہی کامیابی کا راستہ اور سعادت کا زینہ ہے۔

حسنِ صورت عارضی ہے حسنِ سیرت مستقل
اِس سے خوش ہوتی ہے آنکھیں اُس سے خوش ہوتا ہے دل

🖋️فارغہ: مدرسہ اسلامیہ رحیمیہ للبنات
 بھیرہ