زندگی میں سچائی اور فاداری کی قدر
18 فروری، 2026
سچائی اور وفاداری انسان کی اعلیٰ ترین صفات میں شمار ہوتی ہیں۔ انہی اوصاف سے معاشرہ مضبوط اور پُرامن بنتا ہے۔ جس معاشرے میں سچائی کا فقدان ہو وہاں اعتماد باقی نہیں رہتا اور تعلقات کمزور پڑ جاتے ہیں۔
جب انسان سچائی کو اختیار کرتا ہے تو جلوۂ حق نمایاں ہو جاتا ہے۔ سچائی کو پہچاننے کے لیے بصیرتِ قلب ناگزیر ہے، کیونکہ اس کے بغیر حق و باطل میں امتیاز ممکن نہیں۔ جس دل میں صداقت کی روشنی ہو وہ دھوکے اور فریب کی آلودگی سے محفوظ رہتا ہے۔
سچے انسان کے کردار میں رنگِ وفا جھلکتا ہے اور اس کا طرزِ عمل گویا پیامِ وفا بن جاتا ہے۔ لوگ اس کی باتوں اور فیصلوں پر اعتماد کرتے ہیں اور اس سے متاثر ہوتے ہیں۔ ایسے شخص میں وجاہتِ کردار اور وقارِ عمل نمایاں ہوتے ہیں، حتیٰ کہ اس کے مخالفین بھی اس کے اخلاق سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہتے۔ صفائے باطن کی بدولت انسان اپنے کردار کا مثبت اثر معاشرے پر ڈالتا ہے اور سخت حالات میں بھی شعاعِ امید کو مدھم نہیں ہونے دیتا۔
دنیا دراصل ایک بزمِ حیات ہے جہاں ہر لمحہ قیمتی ہے۔ ہمیں اپنے اوقات کو ضائع کرنے سے گریز کرنا چاہیے اور ہر کام مقررہ وقت پر انجام دینا چاہیے۔ جب ہم اپنے اعمال اور اخلاق کو سنوارتے ہیں تو ایک باکردار اور باوقار انسان کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔
حقیقت یہی ہے کہ سچائی اور وفاداری انسان کو عزت و وقار عطا کرتی ہیں۔ انہی صفات سے زندگی سنورتی ہے اور یہی اوصاف انسان کو
معاشرے میں بلند مقام سے سرفراز کرتے ہیں۔
🖋️فارغہ: مدرسہ اسلامیہ رحیمیہ للبنات
بھیرہ