۲۰۲۵ء میرے لیے محض ایک سال نہیں رہا، یہ وہ عرصہ تھا جس نے وقت کی سطح پر تو گزرا، مگر میری روح کے اندر ایک مستقل نقوش چھوڑ گیا۔ یہ سال تدریس کی ذمہ داریوں اور مطالعے کی شمع کے درمیان گزرا، اور ہر لمحہ ایسا محسوس ہوا جیسے وقت خود علم کے سامنے رک گیا ہو۔ دن تدریس میں گزرتے، مگر راتیں کتابوں کے سامنے سر بسجود رہیں، جہاں ہر صفحہ محض عبارت نہیں، بلکہ ایک سوال، ایک درس، ایک بصیرت کا دروازہ تھا۔ یہ سب کچھ کسی محنت یا تدبیر کا نتیجہ نہیں، بلکہ یہ اللہ کی عطا و توفیق تھی، جس نے تھکن کو زیر کر دیا اور محدود انسان کو علم کے سمندر میں ڈبو دیا۔
ہر کتاب نے اپنا رنگ چھوڑا، ہر مطالعہ ایک شعور کی پرت کھولی، اور بعض اوقات محسوس ہوا کہ کتابیں مجھے پڑھ رہی ہیں، نہ کہ میں انہیں۔ یہ سال محض پڑھنے کا نہیں، بلکہ سمجھنے، جانچنے، ترجمہ کرنے، اور علم کو ترتیب دینے کا سال رہا۔ قلم کو بھی سکون نہیں ملا، اور ہر لفظ ایک ذمہ داری بن گیا، ہر جملہ ایک امانت۔ دل میں بار بار یہ اعتراف ہوتا رہا کہ اگر اللہ کی توفیق نہ ہوتی تو ایک حرف بھی ممکن نہ تھا، اور اگر اس کی رہنمائی شامل نہ ہوتی تو قدم اتنی دوری طے نہ کر پاتے۔
اسی یقین کے ساتھ، نگاہیں آئندہ کی طرف ہیں۔ ان شاء اللہ، آنے والا سال محض اس سال کا تسلسل نہ ہوگا بلکہ اس سے کہیں زیادہ وزنی، زیادہ بصیرت افزا اور زیادہ اثر انگیز ہوگا، جہاں مطالعہ تعداد میں نہیں، بلکہ وقار اور اثر میں بڑھے گا۔
مطالعہ شدہ کتب اور مصنفین
یادیں — مفتی تقی عثمانی صاحب
نقوش رفتگاں — مفتی تقی عثمانی صاحب
میرے والد، میرے شیخ — مفتی تقی عثمانی صاحب
دنیا کے اس پار — مفتی تقی عثمانی صاحب
دجال اور برمودا تکون — نامعلوم / تحقیقی مطالعہ
کرنیں — ابن الحسن عباسی
متاع وقت اور کاروان علم — ابن الحسن عباسی
داستان کہتے کہتے — ابن الحسن عباسی
وہ ستارہ جو ٹوٹ گیا — عنایت اللہ التمش
شب برات: ایک تحقیقی جائزہ — علامہ حبیب الرحمن کاندہلوی
شرح ریاض الصالحین (جلد اول) — شیخ ابن عثیمین
الدر المختار مع رد المحتار (جلد ۴) — علامہ ابن عابدین شامی
لاہور تا خاک سمرقند و بخارا — پیر ذوالفقار احمد نقشبندی
اندھیری رات کے مسافر — نسیم حجازی
شاہین — نسیم حجازی
یا ابی زوجنی — عبد الملک بن قاسم
ھکذا علمتنی الحیاۃ — مصطفیٰ السباعی
اخبار سلاجقۃ الروم — مصنف مجہول
چار کتب ترتیب بھی دیا جو درج ذیل ہیں
القدس قضیۃ کل مسلم — ڈاکٹر یوسف القرضاوی کی ہے ترجمہ کیا اس کا
( قدس — ہر مسلمان کا مشترکہ زخم)
السیرۃ النبویۃ: دروس و عبر — مصطفیٰ السباعی
(ترجمہ: حیاتِ محمدی ﷺ کے دروس و اسباق)
چہل سبق — ترجمۂ چہل سبق مع تعریفات
(مرکبات و اسباق کی شکل میں)
حجاب — عزت کی پہچان
(ایک اصلاحی کتابچہ
یہ سال میرے لیے نہ صرف مطالعے اور تدریس کا سال تھا، بلکہ الفاظ کو تراشنے، علم کو ترتیب دینے اور فکر و بصیرت میں گہرائی پیدا کرنے کا سال بھی رہا۔ اللہ کی عنایت سے جو کچھ حاصل ہوا، وہ بساط کے مطابق بہترین تھا، اور آئندہ سال ان شاء اللہ اس سے بھی زیادہ علم، عمل اور بصیرت کی روشنی لے کر آئے گا۔
محمد مصعب پالنپوری