*موبائل کا بہترین استعمال: بے مقصدیت سے بامقصدیت تک*
وقت ایک انتہائی قیمتی سرمایہ ہے۔ اس کے باوجود، ہم روزانہ اپنا قیمتی وقت مختلف چیزوں میں ضائع کرتے ہیں۔ آج کے دور میں، اس ضیاع کی سب سے بڑی وجہ ہمارا موبائل فون ہے۔ ہم گھنٹوں واٹس ایپ، فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب پر ریلز اور شارٹس دیکھنے میں گزار دیتے ہیں اور ہمیں احساس تک نہیں ہوتا کہ ہم نے کتنی بڑی دولت ضائع کر دی ہے۔
*وقت کی اہمیت*
وقت اللہ تبارک و تعالیٰ کی عطا کی ہوئی عظیم نعمت ہے. اسی نعمت کے متعلق کہا گیا ہے "الوقت أثمن من الذھب" کہ وقت سونے سے بھی زیادہ قیمتی ہے. یعنی سونا اگر ضائع ہو جائے،تو اسے دوبارہ خریدا جا سکتا ہے، اسے دوبارہ حاصل کیا جا سکتا ہے،لیکن اگر وقت ضائع ہو جائے تو پوری دنیا طاقت لگالے، اسے دوبارہ واپس نہیں لاسکتا.
*گیا وقت پھر ہاتھ آتا نہیں*
وقت اس قدر تیزی سے گزر رہا ہے جیسے سال مہینوں میں، مہینے ہفتوں میں اور ہفتے دنوں میں. اور ہم عمر کو مکمل کرنے کی طرف ہر لمحہ بڑھ رہے ہیں.
*صبح ہوتی ہے شام ہوتی ہے*
*عمر یوں ہی تمام ہوتی ہے*
آج کے دور میں موبائل فون ہماری زندگی کا ایک لازمی حصہ اور ہر گھر کی ضرورت بن چکا ہے۔ اسکول کے بچوں کے ہوم ورک سے لے کر ضروری معلومات تک، اب ایک کلک پر والدین تک پہنچ جاتی ہیں۔اس سےآن لائن لین دین اور دوسرے کاموں میں بھی سہولت ہوتی ہے، جس سے وقت کی بچت ہوتی ہے. لیکن ہم اکثر یہ محسوس کرتے ہیں کہ جب ہم کوئی ضروری کام کرنے کے لیے موبائل اٹھاتے ہیں تو غیر ضروری ویڈیوز اور میسجز میں الجھ کر اپنا قیمتی وقت ضائع کر دیتے ہیں۔ اس طرح دن کا بیشتر حصہ بے فائدہ چیزوں میں گزر جاتا ہے۔ سوشل میڈیا اور دیگر ایپس کی دنیا سے مکمل طور پر نکلنا ناممکن تو نہیں پر مشکل ضرور ہے.
لہٰذا، یہ بہتر ہے کہ ہم اپنے موبائل چھوڑنے کے بجائے اس کے استعمال کا رخ تبدیل کریں تاکہ یہ ہمارے لیے مفید ثابت ہو۔
*موبائل کو علم کا ذریعہ بنائیں*
آئیے اپنے موبائل کے بے مقصد استعمال کو ایک بامقصد عادت میں بدلیں۔ اس کے لیے ہم اپنے دن کو تین حصوں میں تقسیم کر سکتے ہیں اور ہر حصے میں صرف 10 منٹ موبائل کو علم کے حصول کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
* صبح: جب آپ صبح اپنا موبائل استعمال کریں تو اس کے پہلے 10 منٹ قرآن کی تلاوت کے لیے مختص کریں۔ یہ نہ صرف آپ کے دن کا آغاز برکت سے کرے گا بلکہ آپ کو سکون بھی ملے گا۔
* دوپہر: دوپہر کے وقت 10 منٹ تفسیر اور سیرتِ نبی یا کسی اور اسلامی کتب کے مطالعے کے لیے نکالیں۔ اس سے آپ اپنی معلومات میں اضافہ اور دینی رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔
* رات: رات کو سونے سے پہلے کے 10 منٹ فقہی مسائل یا کسی اور معلوماتی کتاب کے لیے مختص کریں۔ یہ عادت آپ کو روزانہ کچھ نیا سیکھنے میں مدد دے گی۔
*چھوٹے وقت کی بڑی برکت*
اگر ہم روزانہ صرف 10-10 منٹ کے یہ تین وقفے نکالیں تو ایک دن میں ہمارا مطالعہ کا کل وقت آدھا گھنٹہ بن جاتا ہے۔ اگر ہم اس آدھے گھنٹے میں روزانہ 10 صفحات بھی پڑھیں تو اس کا حساب کچھ یوں ہوگا:
* ایک دن: 10 صفحات
* ایک مہینہ: 300 صفحات
* ایک سال: 3600 صفحات
اس طرح ایک سال میں ہم بآسانی 7 سے 8 کتابیں پڑھ سکتے ہیں۔ اگر آپ اس وقت کو 10 منٹ سے بڑھا کر 20 منٹ کر دیں تو یہ تعداد دوگنی ہو کر 7200 صفحات تک پہنچ سکتی ہے۔
یہ چھوٹے چھوٹے لمحے وقت کے دریا میں قطرے کی طرح ہیں جو مل کر ایک بڑا سمندر بن سکتے ہیں۔ یہ عادت نہ صرف آپ کو بے مقصدیت سے نکالے گی بلکہ موبائل کو علم اور فائدے کا ایک شاندار ذریعہ بھی بنا دے گی۔فقط