خصوصی ملاقات حضرت مولانا عبداللہ سالم قمر چترویدی صاحب سے سیاسی گفت و شنید
خامہ بکف محمد عادل ارریاوی
__________________________________
آج بعد نمازِ عصر ایک نہایت اہم اور بابرکت ملاقات حضرت مولانا عبداللہ سالم قمر چترویدی صاحب امیدوار ودھان سبھا جوکی ہاٹ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین سے ہوئی یہ ملاقات میرے لئے محض رسمی یا تعارفی نہ تھی بلکہ اس میں گہرے فکری نکات سیاسی تجزیے اور قوم و ملت کے مستقبل سے متعلق نہایت اہم باتیں زیرِ بحث آئیں حضرت مولانا نہ صرف ایک دینی شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں بلکہ وہ سیاسی بصیرت فہم و فراست اور قومی درد رکھنے والے ایک سچے رہنما بھی ہیں۔
اس خصوصی نشست میں موجودہ سیاسی حالات خاص طور پر انتخابی سیاست پارٹی ٹکٹ عوامی رجحانات اور سوشل میڈیا کے اثرات پر تفصیل سے گفتگو ہوئی۔ حضرت نے نہایت خلوص اور دردمندی کے ساتھ اس بات کا اظہار فرمایا کہ کچھ عناصر پانچ سال پرانی ویڈیوز اور واقعات کو بنیاد بنا کر عوام کے ذہنوں میں تشویش اور شکوک و شبہات پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ عمل نہ صرف غیر اخلاقی ہے بلکہ ملت کے اتحاد کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
مولانا صاحب نے نہایت وقار اور سنجیدگی کے ساتھ اس حقیقت کو واضح کیا کہ وہ عوام کے سامنے کھلی کتاب کی مانند ہیں۔ ان کا ماضی حال اور نیت سب پر روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ ان کے دل میں صرف اور صرف ملتِ اسلامیہ اور پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کا جذبہ موجزن ہے۔
ٹکٹ کی تقسیم کے حوالے سے جب دریافت کیا گیا تو حضرت نے نہایت صبر و توکل کے ساتھ فرمایا کہ ابھی تک پارٹی کی جانب سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں آیا ہے تاہم ان شاء اللہ العزیز بہت جلد اس سلسلے میں خوشخبری ملنے کی توقع ہے۔ ان کا اعتماد توکل اور سیاسی شعور قابلِ تقلید ہے۔ وہ اس مرحلے کو بھی ایک امتحان سمجھ کر صبر اور دعا کے ساتھ گزار رہے ہیں۔
یہ ملاقات اس بات کا مظہر تھی کہ قیادت صرف زبان کی چرب زبانی کا نام نہیں بلکہ وہ دلوں کو جوڑنے سچ بولنے اور صحیح وقت پر صحیح فیصلہ کرنے کا ہنر ہے۔ حضرت مولانا عبداللہ سالم قمر چترویدی صاحب میں یہ تمام خوبیاں بدرجہ اتم موجود ہیں۔
ہم اللہ ربّ العزت سے دعا گو ہیں کہ وہ حضرت مولانا کو کامیابی عطا فرمائے ان کے ارادوں کو استقامت بخشے اور ملت کو ایسے مخلص دیانت دار اور باکردار رہنماؤں سے نوازے جو نہ صرف زبان سے بلکہ عمل سے بھی قوم کی رہنمائی کریں۔
والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ