بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

معاشرے میں بے نمازی کا بڑھتا رجحان: اسباب، اثرات اور
عملی حل

نماز دینِ اسلام کا وہ ستون ہے جس پر پورا دینی ڈھانچہ قائم ہے۔ یہ محض چند حرکات و سکنات کا نام نہیں بلکہ بندے اور رب کے درمیان وہ زندہ رشتہ ہے جو انسان کو غفلت کے اندھیروں سے نکال کر شعور، ذمہ داری اور اخلاق کی روشنی عطا کرتا ہے۔ افسوس کہ آج کے معاشرے میں بے نمازی کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، حتیٰ کہ کلمہ گو، دین سے وابستگی رکھنے والے گھرانوں میں بھی نماز ترک کرنا ایک معمول بنتا جا رہا ہے۔ یہ صورتِ حال محض ایک فرد کی کوتاہی نہیں بلکہ ایک اجتماعی المیہ ہے، جس کے اسباب، اثرات اور حل پر سنجیدہ غور ناگزیر ہے۔


اسبابِ بے نمازی اور اس کے دینی و سماجی اثرات

بے نمازی کے اسباب پر نظر ڈالیں تو سب سے پہلا سبب ایمان کی کمزوری اور قلبی غفلت نظر آتا ہے۔ جب دل میں آخرت کا یقین کمزور پڑ جائے تو نماز جیسی عظیم عبادت بوجھ محسوس ہونے لگتی ہے۔
 قرآنِ کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
 إِنَّ الصَّلَاةَ كَانَتْ عَلَى الْمُؤْمِنِينَ كِتَابًا مَّوْقُوتًا
(بے شک نماز مومنوں پر وقت بوقت فرض کی گئی ہے)  (النساء: 103)

اس کے باوجود نماز ترک کرنا اس بات کی علامت ہے کہ فرض ہونے کا شعور دل میں زندہ نہیں رہا۔

دوسرا بڑا سبب دنیا کی مصروفیت اور مادّی ترجیحات ہیں۔ روزگار، موبائل، سوشل میڈیا اور تفریحات نے انسان کو اس قدر جکڑ لیا ہے کہ نماز کے لیے چند منٹ نکالنا دشوار معلوم ہوتا ہے۔ یہی وہ کیفیت ہے جس پر کسی درد مند نے کہا:

مسجد تو بنا دی شب بھر میں، ایماں کی حرارت والوں نے
من اپنا پرانا پاپی ہے، برسوں میں نمازی بن نہ سکا

تیسرا سبب گھریلو اور معاشرتی ماحول ہے۔ جہاں والدین خود نماز کے پابند نہ ہوں، وہاں اولاد سے نماز کی امید محض زبانی نصیحت تک محدود رہ جاتی ہے۔ بچے وہی سیکھتے ہیں جو دیکھتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وقت گذاری، آؤٹنگس، راتوں کو جاگنا، صبح دیر سے اٹھنا، زندگی میں کاموں کو منظّم طریقے سے ترتیب نہ دینا، ذریعۂ روزگار میں حلال و حرام کی تفریق نہ کرنا، حصول جنت کی جستجو نہ کرنا، جہنم سے بچنے کا ڈر نہ ہونا یہ سب نماز سے دور ہونے کے نماز کو ترک کرنے اسباب ہیں۔

نماز ترک کرنے کے
اثرات
ان اسباب کے نتیجے میں جو اثرات پیدا ہوتے ہیں وہ نہایت خطرناک ہیں۔ نماز ترک کرنا صرف ایک عبادت چھوڑنا نہیں بلکہ انسان کو اخلاقی زوال، بے سکونی اور روحانی خلا کی طرف دھکیل دینا ہے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
 «بَيْنَ الرَّجُلِ وَبَيْنَ الشِّرْكِ وَالْكُفْرِ تَرْكُ الصَّلَاةِ»
(آدمی اور شرک و کفر کے درمیان حد نماز ہے) (صحیح مسلم: 82)

یہ حدیث واضح کرتی ہے کہ بے نمازی کا معاملہ کتنا نازک اور ایمان کے لیے کتنا خطرناک ہے۔ دنیا میں دل کا اضطراب، بے برکتی اور بے راہ روی، اور آخرت میں سخت وعیدیں یہ سب نماز چھوڑنے کے اثرات ہیں۔

 آجکی روز مرہ زندگی میں بے سکونی ہونا، اولاد کا نافرمان ہونا، ازدواجی زندگی میں لڑائی جھگڑے ہونا، رزق کاروبار میں بے برکتی ہونا، چہرے بے نور ہوجانا، فحش اور بے حیائی کے کاموں سے نفرت نہ ہونا، عریانیت کو عام سمجھنا، یہ سب بے نمازی ہونے کے اثرات ہے، کیونکہ قرآن مجید میں نماز کو فحش کاموں سے روکنے والی قرار دیا، جب نماز ہی نہ بڑھی جائے گی تو بے حیائی سے کیسے روکے گا انسان۔؟
رزق میں برکت کیسے ہوگی؟ کیونکہ رزق میں برکت فجر کی نماز سے ہوتی ہے۔
کاموں کو منظّم طریقے سے کیسے انجام دیں گے؟ جب ظہر کی نماز کا خیال ہے نہ ہو۔
روزمرہ کے کاموں میں وقت میں برکت کیسے ہوگی ؟ جب عصر و مغرب کی ادائیگی ذہن سے محو ہوجائے۔
ساری رات جاگنے کے باوجود عشاء کو ادا نہ کرنا ، تہجد کا اہتمام نہ کرنا یہ عمر میں بے برکتی کا سبب نہ لائے گا تو کیا ہوگا؟ بیماریوں میں مبتلا نہ ہوگی تو کیا ہوگا؟

بے نمازی کے اسباب کا عملی اور بامعنی حل

جب مسئلہ اتنا سنگین ہے تو اس کا حل بھی محض وعظ و نصیحت تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ عملی، قابلِ عمل اور دیرپا ہونا چاہیے۔
سب سے پہلا حل ایمان کی تجدید ہے۔ دل میں یہ شعور بیدار کیا جائے کہ نماز نجات کا ذریعہ ہے، بوجھ نہیں۔
 رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
 «رَأْسُ الأَمْرِ الإِسْلَامُ، وَعَمُودُهُ الصَّلَاةُ»
(دین کی بنیاد اسلام ہے اور اس کا ستون نماز ہے)  (ترمذی: 2616)

جب ستون ہی کمزور ہو جائے تو پوری عمارت کیسے قائم رہ سکتی ہے؟

دوسرا حل نماز کو زندگی کے نظام میں مرکزی حیثیت دینا ہے۔ اوقاتِ نماز کو معمولات کے مطابق نہیں بلکہ معمولات کو نماز کے مطابق ترتیب دیا جائے۔ یہی وہ ایک سجدہ ہے جس کے بارے میں کہا گیا:

وہ ایک سجدہ جسے تو گراں سمجھتا ہے
آدمی کو نجات دلاتا ہے ہزار سجدوں سے

تیسرا حل گھریلو سطح پر عملی تربیت ہے۔ والدین خود نماز کے پابند ہوں، بچوں کو کم عمری سے نماز کا عادی بنائیں، نرمی، محبت اور تسلسل کے ساتھ۔ نبی کریم ﷺ کی ہدایت ہے کہ بچوں کو سات سال کی عمر سے نماز کا حکم دیا جائے، تاکہ یہ عمل زندگی کا فطری حصہ بن جائے۔
والدین بچوں کے سامنے نمازوں کی پابندی کرے، نماز کی برکتوں کے تذکرے کرے، کیونکہ بچے قول سے زیادہ فعل سے متاثر ہوتے ہیں۔

چوتھا حل مسجد اور ائمہ کا فعال کردار ہے۔ مساجد کو صرف نماز کی ادائیگی کی جگہ نہیں بلکہ اصلاحِ معاشرہ کا مرکز بنایا جائے۔ نوجوانوں کے لیے آسان، مربوط اور دل نشیں انداز میں نماز کی اہمیت اجاگر کی جائے، محض ڈانٹ یا سختی کے بجائے حکمت اور خیرخواہی کے ساتھ۔
چھوٹے بچوں کو پابندی سے حاضر ہونے پر ماہانہ انعامات سے نوازے، محض بچوں کی شرارتوں کی وجہ سے انہیں مسجد آنے سے نہ روکے، کیونکہ جن مسجدوں کی آخری صفیں بچوں کی گونج سے خالی ہوتی ہے عنقریب وہ مسجدیں ہی خالی ہوجاتی ہیں۔

پانچواں حل اسکولس، ٹیوشنز ، کالجز، اکیڈمیز بلکہ تمام ہی درسگاہوں میں نمازوں کیلیے وقت اور جگہ رکھی جائے، نمازوں کے اوقات میں بچوں کو نماز پڑھنے دی جائے، یا والدین ایسے درسگاہوں کا انتخاب کرے جہاں بچوں کو اور نوجوانوں کو دینی تعلیم یا دینی ماحول دیا جاتا ھو۔

چھٹواں حل آفسز، کمپنی ، فیکٹریز ہر کمانے کی جگہوں پر بھی نمازوں کا اہتمام ہو، کمپنیوں آفسز میں نوجوانوں کے دس دس بارہ گھنٹے گذرتے ہیں، لیکن نماز کی کؤیی پابندی نہیں یہ قابل افسوس عمل ہے۔
نوجوان اور باشعور حضرات ابتداء میں ہی یہ دیکھ لے کہ جس جگہ کمائی کرنے جارہے ہیں، وہاں نماز کے اوقاتِ کار کا اہتمام ہے یا نہیں ؟ ایسی جگہوں کا انتخاب کریں جہاں نمازوں کا اہتمام ہو۔

ساتواں حل محلے یا علاقے کے باثروت حضرات اپنے مال کا کچھ حصہ نکال کر جلسے ، سیمینارز منعقد کروائے، جسکا عنوان نماز ہو، جہاں نماز کی فضیلت ، اہمیت، اسکے نہ پڑھنے کے نتائج بتلائے جائیں۔

آٹھواں حل سوشل میڈیا کا زمانہ ہے ، سوشل میڈیا پر موجود مسلمان انفلوئنسرز اپنے فالوورز کو نماز کی ترغیب دے، بار بار نماز کے رغبت کرے، نماز کی اہمیت بتلائے۔
اسکے علاوہ جو علماء و حفاظ سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہیں وہ بھی سوشل میڈیا پر اپنی تحریرات و تقریرات کے ذریعے عوام الناس تک نماز کی افادیت کو عام کریں، نماز نہ پڑھنے والوں کو انکے انجام سے آگاہ کریں۔

نواں حل رزق حلال کی تلاش کرے اگرچہ کم ہو، حرام رزق کبھی بھی عبادتوں کی طرف توجہ نہیں دلا سکتا، حلال رزق کھانے والے کا دل نرم ہوتا ہے، اللہ کا ڈر ہوتا ہے، لیکن حرام رزق کھانے والے کا دل سخت ہوجاتا ہے، عبادتوں کی لذت محسوس نہیں ہوتی، لہذا سب سے پہلے نماز جیسی عظیم الشان عبادت سے انسان محروم ہوجاتا ہے۔

دسواں اور اہم حل دینِ اسلام کو مکمل ضابطۂ حیات سمجھیں ، دین کو محض مذہب نہ سمجھیں، مسلمانوں کی سب سے بڑی غلط فہمی یہی ہیکہ وہ دین کو محض مذہب سمجھتا ہے اور عبادتوں کو بطورِ رسمِ عبادت ادا کرتا ہے، جب تک اسلام کو ضابطۂ حیات نہ سمجھیں عبادتوں کا سرور حاصل نہ ہوگا، جب عبادتوں کا سرور ہی نہ ملے تو عبادت محض نام کی ادائیگی کیلیے رہ جاتی ہے، یا ترک ہوجاتی ہے۔

نتیجہ

بے نمازی کا مسئلہ فرد کا نہیں، پوری امت کا مسئلہ ہے۔ جب نماز کمزور پڑتی ہے تو ایمان، اخلاق اور معاشرہ سب کمزور ہو جاتے ہیں۔ قرآن و حدیث کی روشنی، بزرگانِ دین کے تجربات اور عملی حکمتِ عملی یہی بتاتی ہے کہ نماز کی طرف واپسی ہی ہماری نجات کا راستہ ہے۔

اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا معاشرہ باکردار، پُرسکون اور اللہ کی رضا کا حامل ہو، تو ہمیں نماز کو دوبارہ اپنی زندگی کا مرکز بنانا ہوگا۔ یہی وہ واحد عمل ہے جو زمین پر جھکا کر آسمانوں سے جوڑ دیتا ہے، اور یہی وہ راستہ ہے جو فرد کو بھی سنوارتا ہے اور قوم کو بھی۔

اللہ تعالیٰ ہمیں نماز کی حقیقت سمجھنے، اس کی پابندی کرنے اور اسے اپنی نسلوں تک منتقل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔