(1)لوگ نماز اور جماعت سے دور کیوں ہو رہے ہیں 

ہم یہ شکوہ نہیں کر سکتے کہ ہم نماز اور جماعت سے خود دور ہو گئے ہیں،
اصل سچ یہ ہے کہ ہمارے گناہوں نے ہمیں نماز سے دور کر دیا ہے۔
ہماری بے حیائی نے ہمارے دلوں سے سجدے کی کشش چھین لی ہے،
ہمارے حسد نے دل کی زمین کو بنجر بنا دیا ہے،
اور ہماری بدکاریاں وہ زنگ بن گئیں جنہوں نے روح کے آئینے کو دھندلا دیا۔
کبھی سجدہ ہمیں رُلا دیا کرتا تھا،
کبھی اذان دل کو ہلا دیا کرتی تھی،
کبھی صفِ جماعت میں کھڑا ہونا ہمیں بادشاہت کا احساس دلاتا تھا۔
مگر آج…
آج ہم وہی ہیں، مسجد بھی وہی ہے،
نماز بھی وہی ہے—
بس دل بدل گیا ہے۔
ہم نے گناہوں کو معمول بنا لیا،
نظروں کو بے لگام چھوڑ دیا،
زبان کو زہر آلود کر لیا،
اور پھر شکوہ کرنے لگے کہ عبادت میں مزہ کیوں نہیں رہا۔
حقیقت یہ ہے کہ
سجدے کی لذت گناہوں کے شور میں دب گئی ہے۔
دل جب دنیا کی محبت سے بھر جاتا ہے
تو اس میں رب کی عظمت کہاں سما پاتی ہے؟
ہم نماز چھوڑ کر نہیں بھاگے،
بلکہ نماز ہمیں چھوڑ کر بھاگ گئی—

 (2) نماز چھوڑنے کا دنیاوی اور دینی نقصان 

نماز چھوڑنے کا سب سے بڑا دنیاوی اور دینی نقصان یہ نہیں
کہ رزق کم ہو جائے،
یا سکون چھن جائے،
یا زندگی میں مسائل بڑھ جائیں
یہ سب تو بعد کے اثرات ہیں۔
اصل اور سب سے بڑا خسارہ یہ ہے کہ
انسان اللہ کی نظر میں گر جاتا ہے۔
جس بندے کو اللہ دن میں پانچ بار اپنے حضور بلائے
اور وہ بلاوے کو نظر انداز کر دے،
اس سے بڑا نقصان اور کیا ہو سکتا ہے؟
دنیا کی نظر میں اونچا ہونا کوئی کمال نہیں،
اصل کامیابی تو یہ ہے
کہ بندہ اللہ کی نظر میں باوقار رہے۔
اور نماز وہ عمل ہے
جو بندے کو رب کے قریب رکھتا ہے۔
جب نماز چھوٹتی ہے
تو بندہ آہستہ آہستہ
اللہ کی توجہ سے دور ہونے لگتا ہے۔
پھر نہ دعا میں وہ اثر رہتا ہے
نہ دل میں وہ نور،
نہ آنکھوں میں وہ حیا۔
ہم سمجھتے ہیں کہ ہم نے صرف نماز چھوڑی ہے،
حالانکہ ہم نے
اللہ کی قربت کھو دی ہوتی ہے۔
اور ہمارے نزدیک
اس سے بڑا خسارہ کچھ بھی نہیں
نہ دنیا کا نقصان،
نہ لوگوں کی بےقدری،
نہ وقت کی بربادی۔
کیونکہ جس دن بندہ
اللہ کی نظر میں گر جائے
اس دن اس کی ساری کامیابیاں
بے معنی ہو جاتی ہیں۔
اور اس سے بڑا نقصان کیا ہو سکتا ہے 
اللّہ کی نظر میں گر جانا

(3) نوجوانوں کو مسجد کی طرف لانے کا مؤثر حل

آج ہم اکثر یہ شکایت کرتے ہیں کہ نوجوان مسجد سے دور کیوں ہوتے جا رہے ہیں، نماز میں دل کیوں نہیں لگتا، اور دین سے وابستگی کیوں کم ہو رہی ہے۔ ہم تقریریں کرتے ہیں، نصیحتیں کرتے ہیں، ڈانٹتے ہیں، مگر نتیجہ پھر بھی وہی رہتا ہے۔ اس کی اصل وجہ یہ ہے کہ ہم دعوت تو دیتے ہیں مگر نمونہ نہیں بنتے۔
نوجوان الفاظ سے زیادہ عمل کو دیکھتے ہیں۔ اگر باپ خود فجر میں مسجد نہ جائے اور بیٹے کو نماز کا حکم دے، اگر استاد خود نماز میں سستی کرے اور شاگرد کو تقویٰ کا درس دے، تو نوجوان کے دل میں دین کی وقعت کیسے پیدا ہو؟
نوجوانوں کو مسجد کی طرف لانے کا بہترین حل یہ نہیں کہ ہم انہیں بار بار کہیں:
“نماز پڑھو، مسجد آؤ”
بلکہ اصل حل یہ ہے کہ ہم خود ایسے نمازی بن جائیں کہ نماز ہماری پہچان بن جائے۔
جب نوجوان یہ دیکھے کہ ایک شخص کاروبار کے بیچ اذان سنتے ہی دکان بند کر کے مسجد کی طرف لپک رہا ہے،
جب وہ یہ دیکھے کہ ایک باپ فجر کے وقت خاموشی سے وضو کر کے اللہ کے حضور کھڑا ہو جاتا ہے،
جب وہ یہ محسوس کرے کہ نماز انسان کے اخلاق، لہجے اور رویے کو بدل دیتی ہے
تو پھر بغیر کہے ہی اس کے دل میں سوال پیدا ہوگا:
“یہ نماز آخر ایسی کیا چیز ہے جو انسان کو اتنا سنوار دیتی ہے؟”
یاد رکھیے!
نوجوانوں کو واعظ نہیں، رہبر چاہیے
نعرے نہیں، نمونے چاہیے
ڈانٹ نہیں، محبت اور عملی دعوت چاہیے
اگر ہم چاہتے ہیں کہ نوجوان مسجد آباد کریں تو پہلے ہمیں اپنے گھروں، اپنے دلوں اور اپنے اعمال میں مسجد کو آباد کرنا ہوگا۔ ہماری نماز میں خشوع ہو، ہمارے اخلاق میں نرمی ہو، ہمارے کردار میں سچائی ہو—یہی سب سے بڑی دعوت ہے۔
آخر میں ایک سادہ مگر گہرا اصول یاد رکھیں:
جو بات عمل سے کہی جائے، وہ ہزار لفظوں سے زیادہ اثر رکھتی ہے۔

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب ❤