معاشرے میں بے نمازی کا بڑھتا رجحان: اسباب، اثرات اور عملی حل
04 فروری، 2026
کبھی آپ نے غور کیا ہے کہ ہم اپنے گھروں میں بہت سی چیزوں کے چھوٹ جانے پر پریشان ہو جاتے ہیں مگر نماز کے چھوٹ جانے پر اکثر خاموش رہتے ہیں؟
ایسا کیوں ہے کہ اگر بچہ اسکول نہ جائے تو تشویش ہوتی ہے،
مگر اگر وہ نماز نہ پڑھے تو ہم اسے “بڑا ہو جائے گا تو خود پڑھ لے گا” کہہ کر ٹال دیتے ہیں؟
یہی خاموشی…
آج ہمارے معاشرے میں بے نمازی کے بڑھتے رجحان کی سب سے بڑی علامت ہے۔
نماز کا ترک محض ایک عبادت کا چھوٹ جانا نہیں، بلکہ ایک مکمل طرزِ فکر کا بدل جانا ہے۔ یہ وہ لمحہ ہوتا ہے جب انسان آہستہ آہستہ اللہ کی نگرانی کے احساس سے نکلنے لگتا ہے، پھر جواب دہی کی کیفیت مدھم پڑتی ہے، اور بالآخر دل میں وہ حساسیت بھی باقی نہیں رہتی جو غلط کو غلط کہنے کی ہمت دیتی ہے۔
یہ سوال خود سے پوچھنا ناگزیر ہو جاتا ہے
اگر نماز واقعی ہماری زندگی کا ستون ہوتی، تو کیا ہم اسے اتنی آسانی سے چھوڑ سکتے تھے؟
ہم مصروفیات کے باوجود دنیا کے بے شمار کاموں کے لیے وقت نکال لیتے ہیں ملاقات، موبائل، نیند، گفتگو پھر نماز کے لیے وقت کیوں نہیں مل پاتا؟
کیا وقت نہیں ملتا یا ترجیح بدل چکی ہے؟
معاشرتی سطح پر اس کا اثر نہایت خاموش مگر گہرا ہے۔ ہم نوجوانوں کے بگڑنے پر تو افسوس کرتے ہیں، مگر انہیں اللہ کے سامنے جھکنا نہیں سکھاتے۔ ہم اخلاقی زوال پر شکوہ کرتے ہیں، مگر اس بنیاد کو نظرانداز کر دیتے ہیں جس پر اخلاق تعمیر ہوتے ہیں۔
نماز محض مسجد کا عمل نہیں، یہ انسان کے اندر ایک ایسی باطنی نگرانی پیدا کرتی ہے جو قانون اور خوف کے بغیر بھی اسے غلطی سے روک لیتی ہے۔
اکثر یہ سمجھ لیا جاتا ہے کہ ترکِ نماز صرف “نہ پڑھنے” کا نام ہے، حالانکہ حقیقت اس سے کہیں زیادہ گہری ہے۔ نماز چھوڑنے والا انسان رفتہ رفتہ احساسِ جواب دہی سے نکلتا ہے، پھر شرمندگی سے، اور آخرکار سوال سے بھی۔ یہی وہ مقام ہے جہاں انسان یہ کہنے لگتا ہے کہ “دل صاف ہونا چاہیے” مگر یہ نہیں سوچتا کہ دل کو صاف رکھتا کون ہے؟
تاریخ اس حقیقت پر خاموش گواہ ہے کہ جب بھی امت نے نماز کو کمزور کیا، اس کی اجتماعی قوت بھی کمزور پڑ گئی۔ یہ کوئی محض روحانی دعویٰ نہیں، بلکہ ایک مسلسل مشاہدہ ہے۔ جو قومیں سجدے میں مضبوط رہیں، وہ قیام میں بھی مضبوط رہیں؛ اور جو جھکنے سے کترائیں، وہ آخرکار حالات کے سامنے جھک گئیں۔
اس مسئلے کا سب سے نازک پہلو نئی نسل ہے۔ بچہ وہی سیکھتا ہے جو وہ دیکھتا ہے۔ اگر نماز گھر میں فارغ وقت کا عمل بن جائے، اگر اذان ہونے پر گفتگو جاری رہے، اگر نماز میں تاخیر معمول بن جائے، تو بچہ یہی سمجھے گا کہ یہ زندگی کا لازمی حصہ نہیں۔ ہم اکثر کہتے ہیں کہ عبادت دل سے ہونی چاہیے، مگر دل تب بنتا ہے جب ماحول بنتا ہے۔
تعلیمی اداروں میں کیے گئے مشاہدات بھی اسی تلخ حقیقت کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ بعض جگہوں پر طلبہ میں نماز کی شرح نہایت کم پائی گئی کبھی دو فیصد، کبھی چار فیصد حتیٰ کہ اعلیٰ درجے کے اداروں میں بھی صورتِ حال زیادہ مختلف نہ تھی۔ تاہم ایک روشن مثال یہ بھی سامنے آئی کہ جہاں استاد نے خود نماز کو موضوع بنایا، طلبہ سے پوچھا، یاد دہانی کرائی، اور عملاً ساتھ لے کر نماز ادا کی، وہاں پورا ماحول بدل گیا۔
یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ تربیت محض نصیحت نہیں، عملی قدوہ ہے۔
نماز انسان کو کامل نہیں بناتی، مگر اسے اپنی کمی کا شعور ضرور دیتی ہے۔ اور یہی شعور اصل اصلاح ہے۔
شاید اسی لیے نماز سب سے پہلے فرض ہوئی، اور سب سے آخر تک باقی رہے گی۔ کیونکہ یہ محض ایک عمل نہیں، ایک تعلق ہے۔
اور جب تعلق کمزور ہو جائے تو شور نہیں ہوتا صرف خاموشی ہوتی ہے۔
ہم اکثر یہ سمجھ لیتے ہیں کہ نماز نہ پڑھنے والا شخص بس ایک دینی فریضہ چھوڑ رہا ہے، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ وہ آہستہ آہستہ اپنے اندر کے انسان کو خاموش کر رہا ہوتا ہے۔
وہ انسان جو کبھی ندامت محسوس کرتا تھا جو کبھی غلطی پر رک جاتا تھا جو کبھی اللہ کو یاد کر کے سنبھل جاتا تھا۔
نماز چھوٹتی ہے تو فوراً کچھ نہیں ہوتا۔
نہ آسمان گرتا ہے نہ زمین پھٹتی ہے بس دل پر ایک باریک سی تہہ چڑھتی ہے… پھر ایک اور… پھر ایک اور۔
اور ایک دن انسان یہ بھی محسوس نہیں کر پاتا کہ اب اسے کچھ محسوس ہی نہیں ہو رہا۔
ہم بچوں کے بگڑنے پر پریشان ہیں،
نوجوانوں کے ہاتھ سے نکلنے کا شکوہ ہے، اخلاقی زوال کے نوحے پڑھتے ہیں لیکن ہم یہ سوال کرنے سے کتراتے ہیں کہ
کیا ہم نے انہیں سجدہ سکھایا تھا؟
یا ہم نے صرف زبان سے کہا تھا
اور عمل میں خود بھی ٹال مٹول کرتے رہے؟
یہ المیہ کسی ایک فرد کا نہیں۔
یہ اس معاشرے کا ہے جو اذان سنتا ہے مگر رکتا نہیں جو نماز کو اہم مانتا ہے مگر ضروری نہیں سمجھتا جو اللہ پر ایمان رکھتا ہے مگر اس کے سامنے جھکنے کے لیے “بعد میں” کہتا ہے۔ شاید اسی لیے آج دل سخت ہیں، باتوں میں وزن نہیں رہا اور نصیحتیں اثر نہیں کرتیں کیونکہ جو خود سجدے سے دور ہو،وہ دوسروں کو کہاں سے نرم کر سکے گا؟
یہ تحریر کسی پر الزام رکھنے کے لیے نہیں۔
یہ تو بس ایک آئینہ ہے۔
خاموش، سادہ، بے آواز۔
اب جو اس میں اپنا چہرہ دیکھ لے
وہی اس کا جواب بھی جانتا ہے۔