*بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم*

*ترکِ لذت کا روحانی سفر*


زندگی فقط سانسوں کی آمد و رفت کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک نہ ختم ہونے والی آزمائش ہے۔ ایک مسلسل کشمکش، جس میں انسان ہر لمحہ دو متضاد راہوں کے درمیان معلق نظر آتا ہے۔
ایک راہ، جو دل کی فریب خوردہ خواہشات کی جانب لے جاتی ہے، اور دوسری، جو رب کی رضا، سکونِ قلب اور روحانی نجات کی سمت بلاتی ہے۔


کچھ راستے ایسے ہوتے ہیں جو آنکھوں کو خیرہ کر دیتے ہیں، دل کو لبھاتے ہیں، مگر وہی انسان کو غبار میں لے جانے والا ہوتے ہیں۔ اور کچھ راہیں ایسی بھی ہوتی ہیں جو آنکھوں کو اشکبار کر دیتی ہیں، نفس کو زخمی کر دیتی ہیں، رلاتی ہیں،لیکن وہی روح کو تسکین بخشتی ہیں جو کسی عارضی لذت میں میسر نہیں۔

نفس سرگوشی کرتا ہے:
*بس ایک بار...*
لیکن دل کی گہرائیوں سے ایک نورانی صدا ابھرتی ہے:
*رب دیکھ رہا ہے...*


یہی وہ لمحہ ہوتا ہے جب ترکِ لذت کا اصل روحانی سفر شروع ہوتا ہے۔
انسان کے باطن میں ایک جنگ چھڑ جاتی ہے۔ ایسی جنگ، جو تلوار سے نہیں، بلکہ صبر، ضبطِ نفس اور قربانی سے لڑی جاتی ہے۔


اپنے باطن کی پرکشش آوازوں کو خاموش کرنا، اندر کی کمزوریوں اور گمراہ کن خواہشات سے لڑنا،
درحقیقت زندگی کی سب سے بڑی آزمائش ہے۔
اور جو اس لمحۂ آزمائش میں ترکِ لذت کا فیصلہ کرتا ہے، وہی اس روحانی لذت سے آشنا ہوتا ہے جو کسی جسمانی لذت میں ممکن نہیں۔ یہی سب سے افضل جہاد ہے، جیسا کہ حدیثِ مبارکہ میں آیا ہے:

*" افضل الجھاد من جاھد فی نفسه ذات الله"*
*ترجمہ:* سب سے افضل جہاد وہ ہے جو اللہ کی رضا کے لیے نفس کے خلاف کی جاۓ۔

یہ حدیث اس حقیقت کا اعلان ہے کہ انسان کا سب سے بڑا میدانِ جنگ اس کا اپنا باطن ہے۔
ترکِ لذت اس جہاد کی سب سے بلند ترین شکل ہے، جب انسان گناہ کے مواقع رکھتے ہوئے، محض رب کی رضا، اپنی عاقبت کی فلاح، اور روح کی پاکیزگی کی خاطر، گناہ کو ترک کر دیتا ہے۔
تب وہ اللہ کے حضور نفس کی قربانی پیش کر رہا ہوتا ہے۔

یہ قربانی آسان نہیں ہوتی۔ دل زخمی ہوتا ہے، آنکھیں اشکبار ہو جاتی ہیں، جزبات اضطراب میں گھر جاتے ہیں۔
خواہشات کی قربانی گویا جیسے کوئی دہکتا آتش فشاں ہو جسے اندر ہی اندر دبا دیا گیا ہو۔

اس مشکل ترین لمحے میں انسان کی روح تذبذب کی دھند میں لپٹی ہوتی ہے۔
نفس اپنی طرف کھینچتا ہے، مگر ایمان کی روشنی اسے روک لیتی ہے۔

...یہ لمحہ معمولی نہیں ہوتا... کہ انسان اپنے نفس کی للکار، اپنی خواہشات کی سرگوشی کو صرف اس لیے خاموش کر دے کہ رب راضی ہو جاۓ۔
دل زخمی ہو جاتا ہے، آنکھیں بھیگ جاتی ہیں، مگر پھر...

دل کی گہرائیوں سے ایک سسکتی، لرزتی صدا ابھرتی ہے:

*اۓ ربّ ذوالجلال! تو دیکھ رہا ہے نا؟*🥹
*میں صرف تیرے لیے چھوڑ رہی ہوں...*


اور پھر...
وہ *لذت* چھوڑی گئی،
وہ *لمحہ* گزرا،
وہ *قربانی* دی گئی...
رب اسے رائیگاں نہیں جانے دیتا۔

اللّٰہ بندے کے دل میں ایک ایسی لذت، ایک باطنی سرور، اور ایک بے مثال سکون ڈال دیتا ہے جو دنیا کی کسی لذت سے موازنہ نہیں رکھتا۔
دل جو پہلے خالی محسوس ہوتا تھا، اب لبریز ہو جاتا ہے۔
ضمیر جیسے مسکرا کر کہہ رہا ہو:
*"تو نے درست کیا... تو کامیاب ہوا... رب تجھ سے راضی ہے!"*

یہی وہ کیفیت ہے جو انسان کے اندر ایک نور بھر دیتی ہے۔
ایک ایسی راحت، جس کے سامنے دنیا کی تمام لذتیں ہیچ ہیں۔ اور یہ راحت محض راحت نہیں، بلکہ نفس پر فتح کا انعام ہے۔ یہ وہ کیف ہے جو رات کی تنہائیوں میں آنکھوں سے اشک بن کر بہتا ہے، مگر دل میں نور بن کر اترتا ہے۔

لہذا، ترکِ لذت کا یہ روحانی سفر، درحقیقت وہ نورانی صراطِ مستقیم ہے جو ہمیں دنیا کی عارضی اور فانی خوشیوں کی قید سے آزاد کر کے، رب کی رضا، دل کی تسکین، اور روحانی نجات کی سمت گامزن کرتا ہے۔

*اَللّٰھُمَّ اجْعَلْنَا مِنَ الْمُتَّقینَ، وَارْزُقْنَا تَرْکَ لِذَّاتِ الْدُّنْیَا، وَحَلَاوَۃَ طَاعَتِکَ، وَاغْفِرْ لَنَا وَارْحَمْنَا۔*

🖋️ *طالبۂ صالحات*