محمد شاہد رحمانی
تاریخ: ۲۷ شوال ۱۴۴۷ھ
علامہ ابنِ جوزی کی شہرۂ آفاق تصنیف صيد الخاطر (اردو ترجمہ: نفیس پھول) ایک گہرے علم و فکر اور روحانی مشاہدے کی کتاب ہے، جس میں انسانی نفس، نیت اور فکر کی اصلاح پر نہایت حکیمانہ انداز میں روشنی ڈالی گئی ہے۔
یہ کتاب نصیحت ہے اور دل کی دنیا کا آئینہ ہے، جو انسان کے ظاہری علمی جاہ کو خاکستر کرتی ہے اور اسے باطنی علوم کا ادراک عطا کرتی ہے۔
ابنِ جوزی کے نزدیک اصل علم وہ ہے جو عمل میں ڈھل جائے اور دل کو بیدار کرے، ورنہ الفاظ کا ذخیرہ انسان کو کیا ہی نفع دے سکتا ہے۔
ان کے افکار میں اخلاص، وقت کی قدر اور نفس کی نگرانی بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔
یہی رنگ ہمیں علامہ مناظر احسن گیلانی کی تحریروں میں بھی ملتا ہے، جہاں علم اور کردار کا حسین امتزاج نظر آتا ہے۔
گیلانی صاحب کے نزدیک علم مقامِ منصب سے بڑھ کر امت کی اصلاح کا مؤثر ذریعہ ہے۔
دونوں اہلِ علم اس بات پر متفق دکھائی دیتے ہیں کہ انسان کی اصل کامیابی اس کی اندرونی اصلاح میں مضمر ہے۔
باطن کی درستگی کے بغیر ظاہری چمک فریب ہے۔
یہ تصانیف قاری کو خود احتسابی، سادگی اور سنجیدگی کی دعوت دیتی ہیں۔
یہ صفحات پڑھتے ہوئے قاری اپنے باطن کی سرگوشیاں سنتا ہے۔ ہر سطر اسے جھنجھوڑتی ہے، ہر نکتہ اسے اپنے احتساب کی طرف بلاتا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے مصنف اس کے سامنے بیٹھ کر اس کے دل کی گرہیں کھول رہا ہو۔ یہ تحریریں انسان کو خود سے ملاتی ہیں، اسے اس کی حقیقت دکھاتی ہیں اور اسے اس راستے پر ڈالتی ہیں جہاں علم، عمل بن کر زندگی کو سنوارتا ہے۔
مختصراً، یہ مطالعہ انسان کو علم سے عمل، اور فکر سے کردار تک کا سفر طے کرنا سکھاتا ہے۔